سونے کارتھل کی دستبرداری کے بعد برطانوی بلی جین کنگ کپ ٹیم تمام بڑے ناموں سے محروم
سونے کارتھل کی دستبرداری کے بعد برطانوی بلی جین کنگ کپ ٹیم تمام بڑے ناموں سے محروم
میلبورن ۔3اپریل (اے پی پی):انگلینڈ کی ٹینس کھلاڑی سونے کارتھل نے بلی جین کنگ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف مقابلے سے دستبرداری اختیار کر لی ہے، جس کے بعد انگلینڈ اپنی ٹاپ چار خواتین کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترے گا۔بی بی سی کے مطابق سونے کارتھل سے قبل ایما ریڈوکانو، کیٹی بولٹر اور فرانسسکا جونز بھی سکواڈ کا حصہ نہیں تھیں کیونکہ انہوں نے عالمی سفر کی بجائے کلے کورٹ سیزن پر توجہ دینے کو ترجیح دی تھی۔
گزشتہ 2 سال میں برطانیہ نے توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم اس بار آسٹریلیا کے خلاف یہ سلسلہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
سونے کارتھل کی دستبرداری غیر متوقع نہیں تھی کیونکہ وہ میامی اوپن سے بھی کمر کی تکلیف کے باعث دستبردار ہو گئی تھیں جبکہ اس سے قبل انڈین ویلز میں قازقستان کی ایلینا ریباکینا کے خلاف میچ کے دوران بھی انہیں ریٹائر ہونا پڑا تھا۔
سونے کارتھل نے بتایا کہ میامی پہنچنے پر ہی کمر میں مسئلہ محسوس ہوا اور سکین کے بعد واضح ہو گیا کہ انہیں مزید آرام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آسٹریلیا میں ٹیم کا حصہ نہ بننے پر افسردہ ہیں لیکن جلد واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کی جگہ کیٹی سوان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو ہیریئٹ ڈارٹ، میکا سٹوجساولیوچ اور جوڈی بریج کے ساتھ مل کر این کیوتھا وونگ کی قیادت میں برطانوی ٹیم بنیں گی۔









