عالمی سطح پر پاکستان کی بڑی کامیابی، صاحبزادہ سلطان محمد علی ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن منتخب

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):صاحبزادہ سلطان محمد علی مسقط میں ہونے والے ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن (آئی ٹی پی ایف )کے انتخابات میں فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن منتخب ہو گئے ، جس کے بعد پاکستان کو بین الاقوامی فیصلہ سازی میں اہم نمائندگی حاصل ہوگئی ہے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق 45 ممالک آئی ٹی پی ایف کا حصہ ہیں ،صاحبزادہ سلطان محمد علی 2022 سے 2026 …

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):صاحبزادہ سلطان محمد علی مسقط میں ہونے والے ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن (آئی ٹی پی ایف )کے انتخابات میں فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن منتخب ہو گئے ، جس کے بعد پاکستان کو بین الاقوامی فیصلہ سازی میں اہم نمائندگی حاصل ہوگئی ہے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق 45 ممالک آئی ٹی پی ایف کا حصہ ہیں ،صاحبزادہ سلطان محمد علی 2022 سے 2026 تک پاکستان ایکویسٹرین فیڈریشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں،ان کی قیادت میں پاکستان نے نیزہ بازی کے میدان میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں اور ان کے چار سالہ مختصر دور میں مجموعی طور پر 3 سونے ، 2 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے اپنے نام کئے۔ پاکستان نے عالمی سطح پر بھی اپنی برتری ثابت کی 2023 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے کر پاکستان نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید برآں، صاحبزادہ سلطان محمد علی کی قیادت میں پہلی بار پاکستان میں 9 ممالک پر مشتمل ایک بڑا انٹرنیشنل ایونٹ منعقد ہوا، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص اجاگر کیا۔ انہوں نے نہ صرف 2023 ورلڈ کپ کوالیفائرز کے انعقاد کو پاکستان میں یقینی بنایا بلکہ پہلی بار خواتین ٹیم کی تشکیل بھی عمل میں لائی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہارس بیک آرچری مقابلوں کا آغاز بھی ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے، جس سے کھیلوں کے دائرہ کار میں مزید وسعت آئی۔صاحبزادہ سلطان محمد علی کی عالمی فیڈریشن میں شمولیت پاکستان کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف ملک کا وقار بلند ہوگا بلکہ ٹینٹ پیگنگ کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔