پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل،تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب

نجاب بیس بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے، یہ انتخابی عمل پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن لاہور کے کانفرنس ہال میں ہوا

لاہور۔4اپریل (اے پی پی):پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے، یہ انتخابی عمل پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن لاہور کے کانفرنس ہال میں ہوا، جہاں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندے عرفان اللہ خان اور پاکستان فیڈریشن بیس بال کے نمائندے طاہر محمود راجہ موجود تھے، جبکہ الیکشن کمشنر محمد ظفر شیروانی نے انتخابی عمل کی نگرانی کی۔ نتائج کے مطابق ڈاکٹر محمد حمود لکھوی صدر، ڈاکٹر حمیرا عزیز مغل سینئر نائب صدر، محمد جمیل کامران سیکرٹری جنرل اور شاہد رضا خزانچی منتخب ہوئے۔

الیکشن کمشنر کے مطابق پنجاب کے مختلف ڈویژنز کے صدور نے شرکت کی اور تمام عہدیداران کو متفقہ طور پر بلا مقابلہ منتخب کیا گیا۔ انتخابات کے بعد ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی گئی اور بیس بال کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، جن میں مارکیٹنگ اور میڈیا مینیجرز کی تقرری شامل ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جمیل کامران نے کہا کہ اب تمام توجہ بیس بال کی ترقی پر مرکوز ہو گی اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کر کے اس کھیل میں بہتر نتائج حاصل کیے جائیں گے۔