بی سی بی انتخابات میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ پیش، بنگلہ دیش حتمی فیصلے سے قبل آئی سی سی کو اعتماد میں لے گا

ڈھاکہ۔6اپریل (اے پی پی):بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابی معاملات سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر آئندہ لائحہ عمل طے کرنے سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باقاعدہ طور پر آگاہ کرے گی۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق امین الحق نے بتایا کہ 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی …

ڈھاکہ۔6اپریل (اے پی پی):بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابی معاملات سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر آئندہ لائحہ عمل طے کرنے سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باقاعدہ طور پر آگاہ کرے گی۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق امین الحق نے بتایا کہ 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے، جس کے فوری بعد ایک بین الوزارتی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں رپورٹ کے مندرجات پر تفصیلی غور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ارسال کرنے کے بعد ہی حکومت اپنی آئندہ حکمت عملی کا اعلان کرے گی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ رپورٹ کب منظرِ عام پر لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے متعدد سفارشات پیش کی ہیں، جن پر عمل درآمد کے لئے اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے۔

دوسری جانب سابق مشیر برائے کھیل، محمود شجیب بھوئیاں نے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے سے متعلق اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کمیٹی کے دائرہ اختیار سے متعلق وضاحت طلب کی تھی، تاہم انہیں تسلی بخش جواب موصول نہیں ہوا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بن سکتے جو عدالتی دائرہ کار میں مداخلت یا بے ضابطگی کا باعث بنے۔اس حوالے سے امین الحق نے بتایا کہ محمود شجیب بھوئیاں کی عدم شرکت کو تحقیقاتی رپورٹ میں شامل کیا گیا ہے اور حکام نے اس کا باقاعدہ نوٹس لے لیا ہے۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابی عمل سے متعلق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کرکٹ کے بین الاقوامی معاملات میں شفافیت اور خودمختاری کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس حوالے سے قریبی نگرانی کر رہی ہے۔