چین کے ژاؤ شن ٹونگ نے ورلڈ نمبر ون جڈ ٹرمپ کو ہرا کر ٹور چیمپئن شپ جیت لی

لندن۔6اپریل (اے پی پی):چین کے مایہ ناز کھلاڑی اور عالمی چیمپئن ژاؤ شن ٹونگ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دنیا کے نمبر ون کیوئسٹ جڈ ٹرمپ کو 3-10 سے شکست دے کر پہلی بار ٹور چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی 29 سالہ ژاؤ شن ٹونگ ایک ہی سیزن میں تینوں بڑے ٹورنامنٹس …

لندن۔6اپریل (اے پی پی):چین کے مایہ ناز کھلاڑی اور عالمی چیمپئن ژاؤ شن ٹونگ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دنیا کے نمبر ون کیوئسٹ جڈ ٹرمپ کو 3-10 سے شکست دے کر پہلی بار ٹور چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی 29 سالہ ژاؤ شن ٹونگ ایک ہی سیزن میں تینوں بڑے ٹورنامنٹس (پلیئرز سیریز) جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں مانچسٹر سینٹرل میں کھیلے گئے فائنل کے آخری سیشن میں ژاؤ شن ٹونگ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل 4 فریمز جیت کرانگلیند کے کیوئسٹ جڈ ٹرمپ کی واپسی کے تمام راستے بند کر دئیے۔ اس فتح کے عوض ژاؤ شن ٹونگ کو ایک لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کی انعامی رقم ملی، جس کے بعد وہ رونی او سلیوان اور جڈ ٹرمپ کے بعد ایک ہی سیزن میں 10 لاکھ پاؤنڈ سے زائد کمانے والے تاریخ کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

چین کے ژاؤ شن ٹونگ نے اب تک اپنے کیریئر کے تمام 6 رینکنگ فائنلز جیتے ہیں، جو اس سے قبل صرف سٹیو ڈیوس، مارک ولیمز اور نیل رابرٹسن جیسے عظیم کھلاڑی ہی کر سکے ہیں۔ کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ژاؤ شن ٹونگ نے کہا کہ میزبان کیوئسٹ جڈ ٹرمپ ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور وہ یہ بڑا اعزاز جیت کر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں۔دوسری جانب شکست خوردہ جڈ ٹرمپ نے ژاؤ شن ٹونگ کی تعریف کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ اس وقت دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور اگر دیگر کھلاڑیوں نے ان کے خلاف اپنی کارکردگی بہتر نہ کی تو ژاؤ شن ٹونگ اپنے کیریئر میں ریکارڈ ساز فتوحات حاصل کریں گے۔ جڈ ٹرمپ نے اپنی شکست کی ایک وجہ اپنی کیو سٹک چ (سنوکر کھیلنے والی چھڑی) کی نوک (ٹپ) کی خرابی کو بھی قرار دیا۔ اس فتح کے بعد ژاؤ شن ٹونگ عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور وہ رواں ماہ شروع ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے فیورٹ قرار دئیے جا رہے ہیں۔