چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی ملاقات

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملاقات کی۔بدھ کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ساجد اعوان اور جنرل سیکرٹری قمر الحق خان نیازی کی قیادت میں بار کے سینئر و جونیئر عہدیداران

راولپنڈی۔8اپریل (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملاقات کی۔بدھ کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ساجد اعوان اور جنرل سیکرٹری قمر الحق خان نیازی کی قیادت میں بار کے سینئر و جونیئر عہدیداران کے ایک وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔ملاقات نہایت خوشگوار اور باہمی احترام کے ماحول میں منعقد ہوئی جس میں پیشہ وارانہ امور، عدالتی نظام کی بہتری اور وکلا برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر بار ساجد اعوان اور سیکرٹری بار قمر الحق خان نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے ہمیشہ صفِ اول کا کردار ادا کرتی آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وکلا برادری مستقبل میں بھی اسی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ مضبوط عدالتی نظام ہی انصاف کی بروقت اور مؤثر فراہمی کو یقینی بنا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکلا برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور وکلا کا باہمی تعاون انصاف کے نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عدالتی اصلاحات، شفافیت اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور قانونی و عدالتی نظام کی بہتری کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔