سپین کے شہرہ آفاق ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز دائیں کلائی کی انجری کے باعث بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں
کارلوس الکاراز کلائی کی انجری کے باعث بارسلونا اوپن ٹینس سے دستبردار
بارسلونا۔16اپریل (اے پی پی):سپین کے شہرہ آفاق ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز دائیں کلائی کی انجری کے باعث بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں، ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق کارلوس الکاراز کو یہ انجری پہلے راؤنڈ میں فن لینڈ کے اوٹو ورٹانن کے خلاف 4-6 اور 2-6 سے کامیابی کے دوران لاحق ہوئی تھی۔ای ایس پی این کے مطابق 22 سالہ ٹاپ سیڈ کھلاڑی کارلوس الکاراز کو دوسرے راؤنڈ میں جمہوریہ چیک کے ٹامس میخاچ کے مدمقابل آنا تھا۔ کارلوس الکاراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ طبی معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ انجری توقع سے زیادہ سنگین ہے اور وہ مستقبل میں مسائل سے بچنے کے لئے احتیاط کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونا آسان نہیں خصوصاً اس ایونٹ سے لیکن وہ جلد صحت یابی کے لئے اپنے کوچنگ سٹاف اور طبی ماہرین کے ساتھ علاج شروع کریں گے۔ دو مرتبہ کے بارسلونا چیمپئن کارلوس الکاراز نے مونٹی کارلو ماسٹرز کے فائنل میں اٹلی کے جینک سنر کے ہاتھوں شکست کے صرف 48 گھنٹے بعد اس ایونٹ میں شرکت کی تھی، اس شکست کے بعد وہ عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ 22 سالہ کارلوس الکاراز کے میڈرڈ اور روم ٹورنامنٹس میں واپسی کی توقع ہے جہاں سے وہ 24 مئی سے پیرس میں شروع ہونے والے فرنچ اوپن میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کی تیاری کریں گے، رواں سیزن میں انہوں نے 22-3 کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن اور قطر اوپن کے ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں۔









