پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف)کے زیر اہتمام صبحِ نو جونیئر انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ (لیگ-II) کامیابی کے ساتھ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کا شاندار مظاہرہ، بوائز سنگلز اور ڈبلز ٹائٹلز اپنے نام کر لیے

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف)کے زیر اہتمام صبحِ نو جونیئر انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ (لیگ-II) کامیابی کے ساتھ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئے۔ اس چیمپئن شپ میں 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے 22 بوائز اور 19 گرلز کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں پاکستان، قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ، نیدرلینڈز اور تھائی لینڈ شامل تھے۔ ایونٹ میں عالمی معیار کی جونیئر ٹینس دیکھنے کو ملی۔
یہ ایونٹ بینک الفلاح، سرینا ہوٹل اسلام آباد، مری انرجیز، عارف حبیب گروپ آف کمپنیز اور صبحِ نو کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ بوائز سنگلز فائنل میں پاکستان کے میکائیل علی بیگ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے گانوکا فرنینڈو کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بوائز ڈبلز فائنل میں میکائیل علی بیگ نے اپنے ساتھی احتشام کے ہمراہ ایک اور شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کے گانوکا فرنینڈو اور ہانگ کانگ کے جےڈن پارک کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر ڈبلز ٹائٹل بھی جیت لیا۔ گرلز سنگلز فائنل میں چین کی ژییو ژو نے روس کی وراورا روبتسووا کو 6-2، 6-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
گرلز ڈبلز فائنل میں روس کی وراورا روبتسووا اور قازقستان کی صافیاء اورازالینا نے چین کی آئی ٹینگ اور ژییو ژو کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-6، 6-1، (10-7) سے شکست دی۔ بریگیڈیئر سلیم، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن مری انرجیز، نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب کی رونق بڑھائی۔ محترمہ شاہدہ کوثر فاروق، چیئرپرسن صبحِ نو، مہمانِ اعزاز تھیں۔ کرنل گل رحمان، ڈائریکٹر سی اینڈ ایس، پی ٹی ایف، بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب میں کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور ٹینس سے محبت رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مزید یہ کہ ٹریٹ آئی ٹی ایف پاکستان سید دلاور عباس میموریل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ J-60 (لیگ-III) کا آغاز پیر، 20 اپریل 2026 کو اسی مقام پر ہوگا۔








