پی سی بی نے پاکستان اور زمبابوے کی خواتین ٹیموں کے درمیان سیریز کے لیے میچ حکام کا اعلان کر دیا

پی سی بی نے پاکستان اور زمبابوے کی خواتین ٹیموں کے درمیان سیریز کے لیے میچ حکام کا اعلان کر دیا

لاہور۔19اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور زمبابوے کی خواتین ٹیموں کے درمیان آئندہ سیریز کے لیے میچ حکام کا اعلان کر دیا ہے۔چھ مقابلوں پر مشتمل یہ محدود اوورز کی سیریز 4 سے15 مئی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی۔سیریز میں تین ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے اور تین بیس اوور کے بین الاقوامی مقابلے شامل ہیں۔ ایک روزہ مقابلے خواتین چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہوں گے،جس کے بعد تین بیس اوور کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔سری لنکا سے تعلق رکھنے والی امپائر نمالی پریرا تمام چھ مقابلوں میں میدان میں فرائض انجام دیں گی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے امپائرز ذوالفقار جان، طارق رشید، سلیمہ امتیاز، فیصل آفریدی اور ناصر حسین مختلف مقابلوں میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ایک روزہ مقابلوں میں حمیرا فرح متبادل امپائر ہوں گی۔حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے بین الاقوامی پینل میں شامل ہونے والے کامران چوہدری ایک روزہ سیریز میں میچ نگران ہوں گے جبکہ بیس اوور سیریز میں علی نقوی میچ نگرانی کی قیادت کریں گے۔شیڈول کے مطابق پہلا ایک روزہ مقابلہ4 مئی کو کھیلا جائے گا جس میں نمالی پریرا اور ذوالفقار جان میدان میں امپائر ہوں گے۔دوسرا ایک روزہ مقابلہ6 مئی جبکہ تیسرا9 مئی کو ہوگا۔بیس اوور سیریز کا آغاز 12 مئی سے ہوگا جبکہ باقی مقابلے14 اور15 مئی کو کھیلے جائیں گے۔