اقوام متحدہ کے سربراہ کی حکومتوں سے فوجی اخراجات کم کرنے کی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے دنیا بھر کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ بے قابو ہو چکے فوجی اخراجات کو روکیں اور ترقی کے عمل کو ترجیح دیں۔

اقوام متحدہ ۔21اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے دنیا بھر کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ بے قابو ہو چکے فوجی اخراجات کو روکیں اور ترقی کے عمل کو ترجیح دیں۔شنہوا کے مطابق یہ بات انہوں نےاقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل کے 2026 کے ترقیاتی مالیات فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی اخراجات میں مسلسل اضافہ دیوانگی ہے جسے روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو جنگوں کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا کیونکہ یہی تنازعات ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔

ان کے مطابق ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضے اس وقت فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں جب انہیں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جائے۔انہوں نے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ موجودہ ادارے اب بھی ماضی کے معاشی ڈھانچے کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ دنیا میں نمایاں تبدیلیاں آ چکی ہیں۔ ان کے مطابق ترقی پذیر ممالک کا عالمی معیشت میں کردار بڑھ رہا ہے، اس لیے انہیں عالمی مالیاتی اداروں میں زیادہ نمائندگی ملنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معاشی نظام کو زیادہ شفاف، منصفانہ اور مؤثر بنانا ضروری ہے تاکہ ترقی کا فائدہ سب تک پہنچ سکے۔