پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن  کی اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر ایچ ای سی کے چیئرمین سے الوداعی ملاقات

پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین سے الوداعی ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے سفیر کی جانب سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور اشتراک کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین سے الوداعی ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے سفیر کی جانب سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور اشتراک کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سفیر نے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔

چیئرمین ایچ ای سی نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے جامعات، تحقیق، طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں اور مشترکہ علمی سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر دونوں فریقوں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے، تعلیمی شراکت داری کو مستحکم بنانے اور باہمی مفاد کے نئے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔