وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح -11میزائل سسٹم کے کامیاب تربیتی تجربے پر پوری قوم، بالخصوص ملکی سائنسدانوں اور انجینئر کو دلی مبارکباد پیش کی ہے
ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حصول اور اس میں خود انحصاری نہایت اہم ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ۔ 28 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح -11میزائل سسٹم کے کامیاب تربیتی تجربے پر پوری قوم، بالخصوص ملکی سائنسدانوں اور انجینئر کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فتح دوم میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاعی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو ملک کی تکنیکی خود کفالت اور دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے باصلاحیت سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا نتیجہ ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حصول اور اس میں خود انحصاری نہایت اہم ہے، اور فتح -11میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ اسی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور ان کی کاوشیں ملک کے روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی دفاعی طاقت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اسی جذبے اور لگن کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا ۔









