معرکۂ حق کامیابی کی پہلی سالگرہ، چکوال اور تلہ گنگ میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مرکزی شاہراہوں پر بینرز آویزاں

معرکۂ حق کامیابی کی پہلی سالگرہ، چکوال اور تلہ گنگ میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مرکزی شاہراہوں پر بینرز آویزاں

تلہ گنگ۔ 29 اپریل (اے پی پی):معرکۂ حق میں کامیابی کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے چکوال اور تلہ گنگ میں پاک فوج سے اظہار یک جہتی کیلئے مرکزی شاہراہوں پر بینرز آویزاں کرنے سمیت دیگر خصوصی اقدامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق معرکہ حق میں کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے اور قوم میں آج بھی وہی عزم اور حوصلہ قائم ہے۔

ایک سال قبل دشمن کی اشتعال انگیزی کے جواب میں شروع ہونے والا معرکۂ حق آج تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کر کے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاک فوج دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ فوج اور عوام کے درمیان اتحاد کو معرکۂ حق کی اصل کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، ایک ایسا رشتہ جو ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہوا ہے۔

ایک سال گزرنے کے باوجود پاکستان میں آج بھی وہی جذبہ، وہی تیاری اور وہی یکجہتی موجود ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہر پاکستانی وطن کے دفاع کے لیے متحد اورپاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔اسی سلسلے میں ضلع چکوال اور تلہ گنگ میں پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

بھارتی جارحیت کے خلاف کی گئی جوابی کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی ہدایت پر مرکزی شاہراہوں، چوراہوں اور بازاروں میں اظہار تشکر کے بینرز اور بل بورڈز آویزاں کر دیے ہیں۔ ان بینرز کے ذریعے قوم کے جذبۂ حب الوطنی کو اجاگر کرنے اور مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا پیغام عام کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں