نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے آسیان کے 59 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر آسیان کے رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے
پاکستان ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں آسیان کے کلیدی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کا آسیان ڈے کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے آسیان کے 59 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر آسیان کے رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے آسیان ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کِم ہورن کو بھی آسیان کے علاقائی تعاون، استقامت اور خوشحالی کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی مثالی قیادت اور ثابت قدم کوششوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ڈے اتحاد، یکجہتی اور تعاون کے اس پائیدار جذبے کی عکاسی کرتا ہے جس نے جنوب مشرقی ایشیا کی اقوام کو باہم متحد کیا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آسیان کے دوستوں کے ساتھ اس اہم دن کی یاد مناتے ہوئے خطے کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) علاقائی انضمام اور اجتماعی ترقی کی ایک قابلِ ذکر مثال کے طور پر ابھری ہے جس نے اقتصادی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور سفارتی روابط کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں آسیان کے کلیدی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آسیان ڈے علاقائی تعاون کی اہمیت کے اعادے کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیا کے بھرپور ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، عدم مداخلت اور تعمیری روابط کے اصولوں کے لیے ہماری مشترکہ وابستگی پر استوار ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آسیان کی قیادت میں قائم مکالمے کے مختلف طریقہ کار میں فعال شرکت کی ہے اور وہ باہمی دلچسپی کے شعبوں، بشمول تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط، میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان کی آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) میں فعال شرکت کے ذریعے مزید مستحکم ہوئی ہے، جہاں ہم علاقائی امن، سلامتی اور تعاون کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال کے موجودہ دور میں آسیان کا اتحاد اور بات چیت، باہمی مفاہمت اور پُرامن تعاون کے لیے اس کا ثابت قدم عزم خصوصی طور پر قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پختہ یقین ہے کہ جامع بات چیت، باہمی اعتماد اور بین الاقوامی تعاون مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے مؤثر ترین ذرائع ہیں، اس لیے ہم علاقائی امن، استحکام، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے آسیان کی جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیان علاقائی انضمام اور کمیونٹی سازی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مربوط خطے کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کے لیے آسیان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔








