محکمہ ریلوے میں زمینی حقائق سے آگاہی کے لیے فیلڈ وزٹس ناگزیر ہے ،وفاقی وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے میں زمینی حقائق سے آگاہی کے لیے فیلڈ وزٹس ناگزیر ہیں اور عملی معائنہ ہی بہتر فیصلوں کی بنیاد بنتا ہے۔

راولپنڈی۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے میں زمینی حقائق سے آگاہی کے لیے فیلڈ وزٹس ناگزیر ہیں اور عملی معائنہ ہی بہتر فیصلوں کی بنیاد بنتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ٹریک کی مینٹیننس، آپریشنل کارکردگی اور انسپیکشن کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے خود ٹریک ٹرالی میں سفر کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے منفرد اور متحرک انداز اپناتے ہوئے گولڑہ اسٹیشن سے راولپنڈی اسٹیشن تک ریلوے ٹریک کا خود معائنہ کیا۔ وزیر ریلوے نے ٹریک ٹرالی میں بیٹھ کر سفر کے دوران راستے میں مختلف مقامات پر رک کر ٹریک کی حالت، آپریشنل امور اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) راولپنڈی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے مختلف تکنیکی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔

وزیر ریلوے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں مزید متحرک رہیں اور زمینی سطح پر نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے۔انہوں نے ریلوے حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ ٹریک مینٹیننس، آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔راولپنڈی اسٹیشن پہنچنے پر مسافروں نے وزیر ریلوے کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ان کے اس اقدام کو سراہا۔ اس موقع پر کئی مسافروں نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔وفاقی وزیر ریلوے کا یہ دورہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں ٹریک ٹرالی میں سفر کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں اور صارفین کی جانب سے ان کے عملی طرزِ قیادت کو مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے۔

مزید خبریں