دمہ قابل علاج مرض، مستعند ڈاکٹرز کی تجویز کردہ ادویات استعمال کرنی چاہیے،پرنسپل

دمہ قابل علاج مرض، مستعند ڈاکٹرز کی تجویز کردہ ادویات استعمال کرنی چاہیے،پرنسپل

رحیم یارخان ۔ 05 مئی (اے پی پی):شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کے شعبہ پلمونالوجی کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ دمہ (World Asthma Day) کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی قیادت پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری، ایم ایس ،ڈاکٹر عامر محمود بخاری اور سربراہ شعبہ پلمونالوجی ڈاکٹر عمران بشیر نے کی۔

آگاہی واک کا آغاز باقاعدہ طور پر شعبہ پلمونالوجی سے ہوا، جو ہسپتال کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی آؤٹ ڈور (OPD)پر اختتام پذیر ہوئی۔ آؤٹ ڈور پہنچنے پر ماہرینِ طب نے وہاں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین کو دمہ کے مرض سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

اس موقع پر ڈاکٹرز نے دمہ کے حوالے سے معاشرے میں پھیلی ہوئی ۔غلط فہمیوں اور توہمات (Myths)کو بھی دور کیا۔ ماہرین نے واضح کیا کہ دمہ کوئی لاعلاج مرض نہیں ہے اور بروقت تشخیص و علاج سے مریض معمول کی زندگی گزار سکتا ہے۔ خاص طور پر انہیلر کے استعمال کے حوالے سے پائے جانے والے خوف کو دور کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ علاج کا بہترین اور براہِ راست طریقہ ہے۔ت

تقریب کے آخر میں ہسپتال کے احاطے میں شجرکاری بھی کی گئی۔ ڈاکٹر محمد سلیم لغاری ،ڈاکٹر عامر محمود بخاری اور ڈاکٹر عمران بشیر نے پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنا ہی سانس کی بیماریوں کا پائیدار حل ہے۔ اس تقریب میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف ،میڈیکل سٹوڈنٹس اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔