صدر مملکت آصف علی زرداری نے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔جمعہ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بناتا ہے، دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرتا ہے اور تینوں برادر ممالک کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لئے مشترکہ عزم کی توثیق کرتا ہے۔صدر مملکت نے اس اہم اقدام کو آگے بڑھانے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام برادرانہ تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کے دیرینہ رشتوں پر استوار ہے۔صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو بابرکت بنائے اور پوری امت مسلمہ کو دائمی امن، سلامتی اور خوشحالی عطا فرمائے۔









