سہ فریقی معاہدے سے پاک فوج کے وقار میں اضافہ، معاشی و تجارتی تعاون بڑھے گا، عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مشترکہ دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی ہے

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مشترکہ دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی ہے۔ایکس پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ عالمی معاہدہ خطے میں امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی قیادت اس کامیابی پر یکساں مبارکباد کی مستحق ہے۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ایسی کاوشیں مسلم ممالک کے مابین اتحاد و یگانگت کا باعث بنیں گی جس سے باہمی معاہدے مضبوط ہوں گے اور پاک فوج کی عزت و وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہر پاکستانی کے لئے باعثِ فخر ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق یہ معاہدہ محض دفاع تک محدود نہیں رہے گا بلکہ تینوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور سہ ملکی تعاون کے فروغ کا باعث بھی بنے گا۔