گورنر سندھ کا خیبر پختونخوا میں 10خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی دو کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے

کراچی۔ 07 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی دو کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی یافتہ ’’فتنۃالخوارج‘‘سے تعلق رکھنے والے 10 خوارج کی ہلاکت ہماری فورسز کی اعلی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر دہشت گرد عناصر کے خلاف اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور پختہ عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک کے دفاع، امن اور استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور یہ ناقابلِ فراموش ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی بھی صورت ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے خلاف ہر سازش کو قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ناکام بنایا جائے گا۔