معرکہ حق کے دوران قوم نے مثالی اتحاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا،وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی

معرکہ حق کے دوران قوم نے مثالی اتحاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا،وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے زیر اہتمام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ثقافتی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک بھر کے فنکاروں، گلوکاروں، موسیقاروں اور رقاصوں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کا مقصد معرکہ حق کے غازیوں، شہداء اور قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔تقریب میں ملی نغموں، موسیقی اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ فنکاروں نے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے سندھی، بلوچی، پشتو اور پنجابی زبانوں میں گیت پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ گٹار کی دھنوں سمیت دیگر موسیقی پروگرام بھی تقریب کا حصہ رہے۔

تقریب میں غیرملکی مہمانوں خصوصاً چینی باشندوں، خواتین وکلاء، سرکاری افسران، طلبہ، بچوں اور شہریوں نے ثقافتی لباس میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے پاکستان کی مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے دوران قوم نے مثالی اتحاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 6 اور 7 مئی کے واقعات کو قومی تاریخ کا اہم باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی اور عبادت گاہوں پر حملے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی خلاف ورزی تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بروقت اور موثر جواب دے کر یہ ثابت کیا کہ ملکی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

یہ صرف دفاعی اقدام نہیں بلکہ قومی عزم، حوصلے اور غیرت کا مظہر تھا۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کی اور اتحاد کو فروغ دیا۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت، موثر حکمت عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی بدولت دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے گئے۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے نہ صرف دشمن کو بھرپور جواب دیا بلکہ قوم کے اعتماد کو بھی مزید مضبوط کیا اور آج وہ قومی قوت اور استحکام کی علامت ہیں۔

وفاقی وزیر نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت ملک کے ثقافتی ورثے کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی ہیروز کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے قومی فنون لطیفہ کونسل اور دیگر متعلقہ اداروں کو اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔آخر میں انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہے اور اپنے ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھے۔