پاکستان ہاکی فیڈریشن کا انسدادِ ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کا اعلان
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا انسدادِ ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کا اعلان
لاہور۔10مئی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی جونیئر اور سینئر ہاکی کیمپوں میں انسدادِ ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرتے ہوئے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کی خصوصی ہدایت پر لاہور اور اسلام آباد میں جاری قومی ہاکی کیمپوں کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ایچ ایف کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ڈوپنگ ٹیسٹ سے بچنے یا ممنوعہ ادویات کے استعمال میں ملوث پائے جانے والے کھلاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ایسے کھلاڑیوں کو فوری طور پر کیمپ سے معطل کر کے سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ عالمی ادارے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قوانین انتہائی سخت ہیں،جن پر مکمل عملدرآمد قومی وقار اور کھلاڑیوں کے کیریئر کے لیے ناگزیر ہے۔
نئی ہدایات کے تحت تمام کھلاڑی ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے کوڈ کی مکمل پاسداری سے متعلق تحریری حلف نامہ جمع کرائیں گے جبکہ تربیتی کیمپوں کے دوران کسی بھی وقت بغیر پیشگی اطلاع رینڈم ڈوپ ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے۔
واڈا حکام کیمپوں میں موجود کھلاڑیوں کی نگرانی کریں گے جبکہ ممنوعہ ادویات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے ہفتہ وار تعلیمی سیشنز بھی منعقد کئے جائیں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کیمپ کمانڈنٹس اور کوچز کو ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ڈوپ ٹیسٹنگ کے عمل سے بچ نہ سکے۔
صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی کی عظیم روایات کے تحفظ کے لیے ڈوپ ٹیسٹنگ کے نظام کو ہر صورت شفاف اور لازمی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل کر دیئے گئے ہیں۔









