ملک میں ہنٹا وائرس کا کوئی کیس نہیں، صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، سعودی حکام

ملک میں ہنٹا وائرس کا کوئی کیس نہیں، صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، سعودی حکام

ریاض۔11مئی (اے پی پی):سعودی عرب کی پبلک ہیلتھ اتھارٹی (وقایہ) کے اسسٹنٹ چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عماد المحمدی نے تصدیق کی ہے کہ مملکت میں اب تک ہنٹا وائرس کا کوئی بھی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا ہے۔

العربیہ اردو کےمطابق انہوں نے انکشاف کیا کہ وائرس کی علامات کے حوالے سے الرٹ کی سطح اور مشتبہ کیسز کی نگرانی کے نظام کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدامات عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سیاحتی بحری جہاز ایم وی ہونڈیوس سے وابستہ وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی اطلاع اور اس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں ۔

ڈاکٹر عماد المحمدی نے بتایا کہ وقایہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر اس وائرس کی تفصیلات پر نظر رکھے ہوئے ہے، یہ کوششیں عالمی سطح پر صحت عامہ کو متاثر کرنے والے خطرات اور واقعات کی نگرانی کے سلسلے کا حصہ ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں اس وائرس کی منتقلی یا آمد کے امکانات فی الوقت انتہائی کم ہیں۔

اسی تناظر میں ڈاکٹر عماد المحمدی نے اس بات پر زور دیا کہ اتھارٹی وبائی امراض سے متعلق کسی بھی خطرے کا قبل از وقت مقابلہ کرنے اور طبی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل جائزوں کا عمل جاری رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ اس معاملے کا آغازاپریل میں ہوا تھا جب یہ بحری جہاز دور افتادہ برطانوی جزیرے سینٹ ہیلینا پر رکا تھا، وہاں جہاز سے 30 مسافر اترے جن میں ایک ایسے شخص کی میت بھی شامل تھی جس کا انتقال جہاز پر ہی ہوا تھا۔

ہنٹا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 4 مئی کو ہوئی جس کے بعد متعلقہ حکام اور آپریٹنگ کمپنی نے ان تمام مسافروں اور افراد کی تلاش شروع کر دی ہے جو اس سے قبل جہاز پر موجود تھے یا متاثرہ افراد کے رابطے میں رہے تھے۔

مزید خبریں