بنگلہ دیش میں خسرہ سے مزید 11 بچے جاں بحق، اموات کی تعداد 344 ہو گئی
بنگلہ دیش میں خسرہ سے مزید 11 بچے جاں بحق، اموات کی تعداد 344 ہو گئی

مزید خبریں
ڈھاکہ ۔11مئی (اے پی پی):بنگلہ دیش میں مارچ میں خسرہ کی وبا شروع ہونے کے بعد سےاب تک 344 بچے ہلاک ہو چکے ہیں،کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز نے بتایا کہ گزشتہ روز گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 بچوں کی موت ہوئی، جن میں سے 4 کیسز میں خسرہ کی تصدیق ہوئی، جبکہ باقی 7 بچے ایسے تھے جن کی موت خسرہ سے متعلق علامات ظاہر ہونے کے بعد ہوئی۔
ڈائریکٹوریٹ نے بتایا کہ 15 مارچ کے بعد ریکارڈ ہونے والی مجموعی بچوں کی اموات میں سے 65 میں خسرہ کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ باقی بچوں کی اموات میں اس بیماری سے متعلق علامات پائی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بچوں میں خسرہ کے 282 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جبکہ اسی مدت میں 1,278 بچوں کو بیماری کی علامات کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا ۔
خسرہ ایک انتہائی متعدی وائرل بیماری ہے، تاہم اس سے بچاؤ ویکسین کے ذریعے ممکن ہے۔ اس کی علامات میں بخار، کھانسی، آنکھوں کی سرخی اور جلد پر دانے شامل ہیں۔








