آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم شہباز شریف

آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیئے،گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لئے کام تیز کیا جائے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جانا چاہئے ۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالےسے کام تیز کیا جائے۔آسان خدمت کی سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کے حوالےسے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

آئی ٹی کے شعبے میں شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لئے صوبائی، ڈسٹرکٹ کی سطح پر حکومتوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔

اجلاس کو ملک میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2024 میں 1.9 ملین سے بڑھ کر 2026 میں 5.10 ملین ہوگئی ہے،رواں مالی سال پاکستان سے 4.5 سے 4.6 بلین امریکی ڈالرز کی آئی ٹی برآمدات متوقع ہیں،حال ہی میں پاکستان میں 5 جی سروسز کے لئے نیلامی کی گئی جو کہ اس حوالے سے 2016 سے اب تک ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی نیلامی تھی۔

اس آکشن سے پاکستان کو 509 ملین ڈالر ریونیو حاصل ہوا۔مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سےفروری 2026 میں انڈس اے آئی ویک کا اہتمام کیا گیا ۔

30 شہروں میں تقریبات ہوئیں۔انڈس اے آئی ویک میں 100 سےزیادہ بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی،88 پولینز بنائے گئے۔اسلام آباد کے سرکاری سکولوں اور ہیلتھ یونٹس کو فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کر دی گئی ہے۔اسلام آباد کو فری انٹرنیٹ ہاٹ اسپاٹس کی فراہمی کا کام آخری مرحلے میں ہے۔سید پور ماڈل ویلج اور فاطمہ جناح پارک میں ای-لرننگ پاڈز نصب کئے جا رہے ہیں