پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ کا آغاز (کل) منگل سے چار شہروں میں ہوگا، جس میں 14 ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ 21 جون تک جاری رہے گا اور اس دوران 45 تین روزہ نان فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے
پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ کا آغاز کل سے ہوگا
لاہور۔11مئی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ کا آغاز (کل) منگل سے چار شہروں میں ہوگا، جس میں 14 ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ 21 جون تک جاری رہے گا اور اس دوران 45 تین روزہ نان فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔پی سی بی نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کو پہلی مرتبہ گولڈ اور سلور ٹائرز میں تقسیم کیا ہے۔ گولڈ ٹورنامنٹ میں 14 جبکہ سلور ٹورنامنٹ میں 10 ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سلور ٹورنامنٹ کا آغاز 18 مئی سے ہوگا۔پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ کی فائنلسٹ ٹیمیں آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس اور پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلنے کی اہل قرار پائیں گی۔گولڈ ٹورنامنٹ کے پول اے میں ایشال ایسوسی ایٹس، جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز، ایم آئی ٹی سلیوشنز، پی ایچ اے راولپنڈی، پاکستان ریلویز، احمد گلاس اور کنگز مین اکیڈمی شامل ہیں۔
پول اے کے میچز ریلوے کرکٹ اسٹیڈیم ہری پور، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔پول بی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، کنگز مین، ونگ 999 اسپورٹس، غنی انسٹی ٹیوٹ، سردار گروپ، پورٹ قاسم اور وائٹل ٹی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پول بی کے مقابلے شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی، ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈ اسلام آباد اور مرغزار کرکٹ گراونڈ اسلام آباد میں ہوں گے۔ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پول اے اور شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پول بی کے میچز پاکستان میں ٹیپ میڈ جبکہ بیرون ملک پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔









