امریکا کا نیپال کے خلاف سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان، 17 سالہ ریتوک اپیدی بھی ٹیم میں شامل
امریکا کا نیپال کے خلاف سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان، 17 سالہ ریتوک اپیدی بھی ٹیم میں شامل
واشنگٹن۔13مئی (اے پی پی):امریکا نے نیپال میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ لیگ ٹو کے لئے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 17 سالہ فاسٹ بولر ریتوک اپیدی کو پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 22 سالہ نوجوان بلے باز سائی تیجا مکا ملا کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ مونک پٹیل قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔سکواڈ میں سابق سری لنکن کھلاڑی شیہان جے سوریا اور لیگ سپنر محمد محسن کی واپسی ہوئی ہے، تاہم تجربہ کار بولر شیڈلی وان شالکوک اور اینڈریس گوس جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
چھ فٹ تین انچ قد کے مالک ریتوک اپیدی کو ان کی بہترین رفتار اور حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر موقع دیا گیا ہے۔ امریکی ٹیم 14 مئی سے شروع ہونے والی اس سیریز کے ذریعے ورلڈ کپ کوالیفیکیشن کی راہ ہموار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔امریکا کی ٹیم 6 ماہ بعد ایک روزہ کرکٹ میں واپسی کر رہی ہے۔ وقفے سے قبل امریکی ٹیم نے اپنے آخری 12 میں سے 11 میچ جیت کر ورلڈ کپ لیگ ٹو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
امریکی کپتان مونانک پٹیل اب نیپال میں اسی کامیاب تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔نیپال کے خلاف سیریز کے لئے اعلان کردہ امریکی سکواڈ میں مونک پٹیل (کپتان)، سائی تیجا مکا ملا (نائب کپتان)، سمت پٹیل، شایان جہانگیر، ملند کمار، شبھم رانجنے، شیہان جے سوریا، ہرمیت سنگھ، نوشٹوش کینجیگے، محمد محسن، جیسی سنگھ، سوربھ نیتراولکر، رشل اگرکر، ریتوک اپیدی اور سنجے کرشنا مورتی شامل ہیں۔









