محسن نواز تمغہ امتیاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی شوٹر بن گئے

پاکستان کے مایہ ناز ایف-کلاس لانگ رینج شوٹر محسن نواز نے تمغہِ امتیاز حاصل کر کے ملک کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نیا باب روشن کر دیا ہے۔ وہ یہ باوقار اعزاز حاصل کرنے والے شوٹنگ اسپورٹس کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔محسن نواز کو لانگ رینج شوٹنگ میں

لاہور۔14مئی (اے پی پی):پاکستان کے مایہ ناز ایف-کلاس لانگ رینج شوٹر محسن نواز نے تمغہِ امتیاز حاصل کر کے ملک کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نیا باب روشن کر دیا ہے۔ وہ یہ باوقار اعزاز حاصل کرنے والے شوٹنگ اسپورٹس کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔محسن نواز کو لانگ رینج شوٹنگ میں ان کی غیر معمولی خدمات اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر اس تمغے سے نوازاگیا۔ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد محسن نواز نے اسے پوری شوٹنگ کمیونٹی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا اور اپنی کامیابی والدین، کوچز اور حامیوں کے نام کی۔

23اگست 1986کو فیصل آباد میں پیدا ہونے والے محسن نواز نے اپنے کیریئر کا آغاز 2004میں واہ کینٹ سے کیا اور دو دہائیوں پر محیط محنت کے بعد آج وہ 10 بین الاقوامی تمغوں کے ساتھ پاکستان کے سب سے کامیاب شوٹر ہیں۔ان کے اعزازات میں امریکہ، جنوبی افریقہ اور یورپ میں حاصل کردہ میڈلز شامل ہیں۔ 2023میں انہوں نے یورپی لانگ رینج شوٹنگ چمپئن شپ میں یورپی ریکارڈ برابر کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ وہ اس وقت 2026 میں برطانیہ میں ہونے والی ایف-کلاس ورلڈ چمپئن شپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور ملک میں کھیلوں کی اصلاحات اور تربیتی سہولیات کی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہیں۔