این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ اور این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ اور این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے مون سون قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں این ڈی ایم اے نے مون سون نے قبل پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے آئندہ 12سے24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اورکہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، چند مقامات پر ژالہ باری جبکہ مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ،نارووال، منڈی بہاؤالدین، لاہور،شیخوپورہ،فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور اوکاڑہ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گھانچے، شگر،کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ اورراولاکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری اور چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ،چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ حیدرآباد، کراچی، ماتلی، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، سجاول، جامشورو اور گردونواح کے علاقوں میں بارش جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ کوٹہ، ژوب، ْقلعہ سیف اللہ ، قلعہ عبداللہ، پشین، چمن، لور الائی، خضدار، قلات، مستونگ، زیارت، سبی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی،سوراب، حب، گوادر اورکیچ میں بارش جبکہ شمالی علاقہ جات میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شہری گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور پر خطر ڈھلوانوں پر قیام سے اجتناب کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولرپینل اور گاڑیوں کو نقصان کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر احتیاط برتیں، آندھی اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں،بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔۔مزید برآں این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔