وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پروموٹنگ نیشنل کوہیژن کے درمیان پاکستان گرین موبیلیٹی مشن کے تحت نوجوانوں کی ترقی، پائیدار اقدامات اور قومی شمولیت کے فروغ کے لیے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے ہیں
وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پروموٹنگ نیشنل کوہیژن کے درمیان پاکستان گرین موبیلیٹی مشن کے تحت نوجوانوں کی ترقی، پائیدار اقدامات اور قومی شمولیت کے لئے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پروموٹنگ نیشنل کوہیژن کے درمیان پاکستان گرین موبیلیٹی مشن کے تحت نوجوانوں کی ترقی، پائیدار اقدامات اور قومی شمولیت کے فروغ کے لیے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے ہیں۔جمعرات کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم آفس میں منعقدہ ایک اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پروموٹنگ نیشنل کوہیژن کے درمیان پاکستان گرین موبیلیٹی مشن کے تحت نوجوانوں کی ترقی، پائیدار اقدامات اور قومی شمولیت کے فروغ کے لیے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے جس کا مشاہدہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کیا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پروموٹنگ نیشنل کوہیژن میشا مظہر ، پی این سی کے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ اور بورڈ کے اراکین اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اپنے ٹیم ممبران کے ہمراہ شریک ہوئے۔یہ اشتراک نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے، جدت، پائیدار ترقی اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے۔
پاکستان گرین موبیلیٹی مشن (پی جی ایم ایم) کے تحت دونوں ادارے گرین اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے مکالمے، شراکت داری، جدت اور عوامی آگاہی کے اقدامات کو فروغ دیں گے۔اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گرین موبیلیٹی کانفرنس اور ای وی ایکسپو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جو پی جی ایم ایم کے تحت ایک اہم قومی پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس میں پالیسی ساز، صنعت، تعلیمی ادارے، ترقیاتی شراکت دار، نوجوان اور جدت کار شرکت کریں گے تاکہ گرین موبیلیٹی کے شعبے میں تعاون اور نئے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔یہ تعاون نیشنل یوتھ کونسل (این وائی سی)، نیشنل والنٹیئر کور (این وی سی) اور گرین یوتھ موومنٹ کلبز سمیت مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوانوں کی موثر شمولیت کو بھی فروغ دے گا۔ دونوں اداروں نے نوجوانوں کے لیے قیادت، جدت، کاروباری مواقع، رضاکارانہ سرگرمیوں اور ماحولیاتی اقدامات میں کردار بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نمائندگان نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان پاکستان کے پائیدار، مضبوط اور خوشحال مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔یہ اشتراک نوجوانوں کی فلاح، پالیسی مکالمے، تحقیق، پائیدار ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مستقبل میں باہمی تعاون کی بنیاد فراہم کرے گا۔








