وزیرِاعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ
وزیرِاعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

مزید خبریں
بیجنگ۔21مئی (شنہوا/اے پی پی):وزیرِاعظم شہباز شریف چینی ہم منصب لی چیانگ کی دعوت پر 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق اس بات کا اعلان جمعرات کو چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کیا۔ترجمان گو جیاکون نے معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک اہم اعلیٰ سطحی تبادلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف اپنے چینی ہم منصب لی چیانگ کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے ۔
دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرے گی ۔ترجمان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور صوبہ ژی جیانگ کا دورہ بھی کریں گے۔گو جیاکون نے کہا کہ چین اور پاکستان بہترین دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔
گزشتہ 75 برسوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور بین الریاستی تعلقات کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی قیادت کی اسٹریٹجک رہنمائی میں اعلیٰ سطحی روابط برقرار رہے اور عملی تعاون میں مسلسل پیش رفت ہوئی جس کے نتیجے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان نے اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ اور تعاون برقرار رکھا، مشترکہ مفادات کا مؤثر تحفظ کیا اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ روایتی دوستی کو مزید مضبوط بنانے، ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنے اور نئے دور میں چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔








