عالمی ادارہ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں حالیہ ایبولا وبا کی صورتحال کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دے دیا ہے ،حالیہ ایبولا وائرس کی وبا کا موجودہ پھیلاؤ صرف افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے
عالمی ادارہ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں حالیہ ایبولا وبا کی صورتحال کو عالمی ہنگامی صورتحال قراردے دیا ،ترجمان وزارت قومی صحت

مزید خبریں
اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں حالیہ ایبولا وبا کی صورتحال کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دے دیا ہے ،حالیہ ایبولا وائرس کی وبا کا موجودہ پھیلاؤ صرف افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے ۔ترجمان وزارت قومی صحت نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق افریقہ سے باہر کسی اور ملک میں ایبولا وائرس کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا،متاثرہ افریقی ممالک سے محدود سفری روابط کے باعث پاکستان میں خطرہ انتہائی کم ہے ۔ ترجمان وزارت صحت نےکہا کہ پاکستان یا ہمسائیہ ممالک میں بھی کبھی ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی ہدایت کی ہے ،کسی قسم کی سفری پابندیوں کی سفارش نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے پیش نظر ملک میں پیشگی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عوام کو وباؤں سے بچانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ۔وزارت صحت اور این آئی ایچ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرصحت کی ہدایت کے مطابق ایبولا سے بچاؤ کیلئے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر نگرانی مزید موثر بنا ئی گئی ہے،انٹر نیشنل ریگولیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنارہے ہیں ۔ وزارتِ صحت نے تمام صوبوں اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔وزارت صحت اور اس کے ماتحت ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ ہیں ۔ترجمان قومی وزارت صحت نے مزید کہا کہ این آئی ایچ پاکستان ایبولا تشخیص کی صلاحیت رکھتا ہے ،قومی دارہ صحت کو تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افریقی ممالک سفر کرنے والے شہری روانگی سے قبل اس ملک کی متعلقہ سفری و طبی ہدایات ضرور دیکھیں۔پاکستان کے صحت حکام عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں ۔








