ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم چھٹے روز بھی جاری ہے۔ ہفتہ کو نیشنل ای او سی کی جانب سے جاری اعداوشمار کے مطابق پانچ روز کے دوران ملک بھر میں ایک کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل کی گئی ہے
ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا چھٹا روز ،ملک بھر میں ایک کروڑ 82 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم چھٹے روز بھی جاری ہے۔ ہفتہ کو نیشنل ای او سی کی جانب سے جاری اعداوشمار کے مطابق پانچ روز کے دوران ملک بھر میں ایک کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل کی گئی ہے۔نیشنل ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران تقریباً 1 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، ایک لاکھ 63 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو معذوری سے محفوظ بنانے کے مشن میں مصروف عمل ہیں۔ پنجاب میں تقریباً 59 لاکھ 21 ہزار ،سندھ میں 57 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں جبکہ خیبر پختونخوا میں تقریباً 43 لاکھ 6 ہزار اور بلوچستان میں 19 لاکھ 14 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریباً 4 لاکھ 35 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ نیشنل ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں،5 سال تک کے ہر بچے کو اس اور آئندہ تمام پولیو مہمات کے دوران پولیو کے قطرے لازمی پلوا ئے جائیں۔پولیو ٹیم سے را بطہ کے لیے 1166 پر کال یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم 18 تا 24 مئی تک جاری رہے گی۔








