پاکستان حج مشن کے پرائیویٹ حج مانیٹرنگ سیل نےقربانی اور دیگر مدوں میں اوور چارج کا نوٹس لیتے ہوئے حج گروپ آرگنائزرز سے 74 ہزار 455 سعودی ریال (پاکستانی 55 لاکھ روپے سے زائد) کی رقم برآمد کر کے موقع پر ہی عازمین حج کے حوالے کر دی ہے۔ ضوابط کی خلاف ورزی پر نجی حج کروپ آرگنائزرو کو 35 باقاعدہ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے 33 …
پاکستان حج مشن کا بڑا ایکشن، اوور چارجنگ پر حج آرگنائزرز سے 55 لاکھ روپے واپس کروا دیے گئے
خرم شہزاد
مکہ مکرمہ۔23مئی (اے پی پی):پاکستان حج مشن کے پرائیویٹ حج مانیٹرنگ سیل نےقربانی اور دیگر مدوں میں اوور چارج کا نوٹس لیتے ہوئے حج گروپ آرگنائزرز سے 74 ہزار 455 سعودی ریال (پاکستانی 55 لاکھ روپے سے زائد) کی رقم برآمد کر کے موقع پر ہی عازمین حج کے حوالے کر دی ہے۔ ضوابط کی خلاف ورزی پر نجی حج کروپ آرگنائزرو کو 35 باقاعدہ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے 33 مکہ اور 2 مدینہ منورہ میں جاری ہوئے، جبکہ ایک کمپنی پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کوآرڈینیٹر پرائیویٹ حج مانیٹرنگ سیل، زرغان شہزاد نے مانیٹرنگ سیل کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح حجاج کو موقع پر ریلیف دینا ہے۔ اب تک پرائیویٹ سکیم کے تحت 1,295گروپس کے ذریعے 51,401 عازمین ارضِ مقدسہ پہنچ چکے ہیں، جن میں سے ہماری ٹیموں نے فیلڈ میں 818 کمپنیوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہے اور سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے 5,298 حجاج کے براہِ راست انٹرویوز کیے ہیں۔ شکایات پر فوری رسپانس دیا جاتا ہے اور کوتاہی کرنے والے آپریٹرز کے خلاف جرمانے اور بلیک لسٹنگ سمیت سخت تادیبی اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔
زرغان شہزاد نے بتایا کہ برآمد کی گئی رقم میں سے مدینہ منورہ میں عازمین کو 65,665 سعودی ریال جبکہ مکہ مکرمہ میں 8,790 سعودی ریال موقع پر واپس دلائے گئے۔ مانیٹرنگ آفیسر ندیم شہزاد نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 33 حجاج کو 260 ریال فی حاجی کے حساب سے اوور چارجنگ کی رقم موقع پر ریفنڈ کرائی۔ مانیٹرنگ آفیسر زاہد خان کے مطابق، سہولیات میں کمی کرنے والی کمپنیوں سے تحریری معاہدے کروا کر عازمین کے پیسے اسی وقت واپس کروائے جا رہے ہیں۔پرائیویٹ اسکیم کے تحت آنے والی ایک متاثرہ خاتون عمارہ نے وزارتِ مذہبی امور کی مانیٹرنگ اور اوور چارجنگ پر احتساب کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کا یہ قدم انتہائی خوش آئند ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان حکومت تمام حجاج کی دل سے عزت اور کیئر کرتی ہے۔
پرائیویٹ حج مینٹرنگ سیل کے مطابق، اب تک موصول ہونے والی 7 شکایات میں سے 5 کو فوری حل کر دیا گیا ہے جبکہ 2 پر کام جاری ہے۔ عازمینِ حج نے پاکستان حج مشن کی سہولیات اور فوری شکایات کے ازالے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور "حجاج کی خدمت ہماری عبادت” کے مشن کے تحت سرکاری و پرائیویٹ، دونوں اسکیموں کے حجاج کی دیکھ بھال کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔









