وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی پاکستانی ویزوں اور جعلی امیگریشن سٹیمپ پر سفر کرنے والے دو افغان شہریوں کو آف لوڈ کر دیا۔ا
ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی ویزوںپر دو افغان شہری آف لوڈ
اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی پاکستانی ویزوں اور جعلی امیگریشن سٹیمپ پر سفر کرنے والے دو افغان شہریوں کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے حکام نے ہفتہ کو ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ مسافر قطر ایئرویز کی پرواز QR-633 کے ذریعے برطانیہ جا رہے تھے جب انہیں ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے روک لیا۔انہوں نے بتایا کہ تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران ان کے پاسپورٹ پر چسپاں پاکستانی امیگریشن سٹیمپ اور پاکستانی ویزے جعلی اور مشکوک پائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تصدیق کے دوران IBMS اور POVS سسٹم میں مسافروں کا کوئی سفری ریکارڈ نہیں ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا اور مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آف لوڈ کئے گئے افغان شہریوں کے پاسپورٹ، بورڈنگ پاس، موبائل فون اور دیگر متعلقہ دستاویزات بھی تحویل میں لے لی گئیں۔









