وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورۂ چین غیر معمولی سفارتی، اقتصادی اور علاقائی اہمیت کا حامل ہے ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان فرنیچر کونسل کے میاں کاشف اشفاق

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورۂ چین غیر معمولی سفارتی، اقتصادی اور علاقائی اہمیت کا حامل ہے ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان فرنیچر کونسل کے میاں کاشف اشفاق

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورۂ چین غیر معمولی سفارتی، اقتصادی اور علاقائی اہمیت کا حامل ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، دیرینہ دوستی اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعاون کی روشن مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کو نئی جہت دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، توانائی، آئی ٹی، زراعت اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا بلکہ برآمدات اور صنعتی ترقی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، اسپیشل اکنامک زونز اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر جیسے منصوبے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل چینی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے تاکہ پاکستانی فرنیچر انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیزائن اور بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر سازی کی صنعت میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور چین کے ساتھ اشتراک سے اس شعبے کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کا دورۂ چین نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں بھی مثبت پیش رفت کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس دورے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں متعدد اہم معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پائیں گی جو پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سودمند ثابت ہوں گی۔