ایف آئی اے، انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کی آن لائن مائیگریشن فراڈ کو روکنے کے لیے تربیتی ورکشاپس

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ ( آئی سی ایم پی ڈی ) کے تعاون سے دو خصوصی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جس کا مقصد سائبر تحقیقاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور پاکستان میں بے قاعدہ ہجرت اور انسانی سمگلنگ سے منسلک آن لائن بھرتیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ ( آئی سی ایم پی ڈی ) کے تعاون سے دو خصوصی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جس کا مقصد سائبر تحقیقاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور پاکستان میں بے قاعدہ ہجرت اور انسانی سمگلنگ سے منسلک آن لائن بھرتیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

ایف آئی اے حکام نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ ورکشاپس اپریل اور مئی 2026 کے دوران پاکستان میں غیر قانونی نقل مکانی اور انسانی سمگلنگ کے سہولت کار کے طور پر جعلی ملازمتوں کے اشتہارات اور سائبر سرگرمیوں کی روک تھام (ایف جے اے، پی اے کے ) منصوبے کے تحت منعقد کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی سرگرمی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (NCERT) اور ایئر یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے تحت نیشنل سائبر سکیورٹی اکیڈمی، ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں چار روزہ ایڈوانسڈ لیول اوپن سورس انٹیلی جنس (OSINT) کی تربیت تھی۔ٹریننگ سے ایک انٹرایکٹو اور منظر نامے پر مبنی نقطہ نظر اجاگر کیا گیاتاکہ معلومات اکٹھا کرنے، ڈیجیٹل تجزیہ، مالیاتی ٹریسنگ، نیٹ ورک میپنگ اور حقیقی دنیا کی تحقیقات کے لیے بنیادی ڈیجیٹل فرانزک میں شرکا کی عملی مہارتوں کو بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری سرگرمی بالغوں کے سیکھنے کے طریقہ کار میں ٹریننگ آف ٹرینرز (ToT) پر مرکوز تھی جس کا مقصد منتخب شرکا کو ان کے متعلقہ اداروں میں موثر طریقے سے علم کی منتقلی کے لیے سہولت اور تدریسی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ورکشاپ میں بالغوں کے سیکھنے کے اصولوں، تربیت کے ڈیزائن، سہولت کاری کی تکنیکوں اور عملی مشقوں کا احاطہ کیا گیا تاکہ شرکاکو منظم اور موثر سیکھنے کے سیشنز کے انعقاد میں مدد ملی۔

وزارت داخلہ اور انسداد منشیات، وزارت دفاع، ایف آئی اے، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، نیشنل فرانزک ایجنسی، این سی ای آر ٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے افسران نے تربیت میں حصہ لیا۔ناروے کے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن کے ذریعے اس کی مالی اعانت کی گئی اور آئی سی ایم پی ڈی شراکت داری سے ایف جے اے، پی اے کے پراجیکٹ کا مقصد جعلی آن لائن نوکریوں کے اشتہارات اور سائبر سے چلنے والی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنا ہے جو پاکستان میں بے قاعدہ ہجرت اور انسانوں کی سمگلنگ میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔