پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی 20ویں ایشیائی کھیلوں کے سلسلہ میں فن رن تقریبات، میڈیا بریفنگ

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے)نے 20ویں ایشیائی کھیلوں آچی ناگویا 2026 کے سلسلے میں منعقد ہونے والی او سی اے فن رن کی سرگرمیوں کے تحت اتوار 31 مئی کو پی او اے ہا ئوس لاہور میں میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا، تقریبات( کل )یکم جون 2026 کو لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، جیل روڈ لاہور میں شام 4 بجے سے 6:30 بجے تک جاری رہیں گی

لاہور۔31مئی (اے پی پی):پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے)نے 20ویں ایشیائی کھیلوں آچی ناگویا 2026 کے سلسلے میں منعقد ہونے والی او سی اے فن رن کی سرگرمیوں کے تحت اتوار 31 مئی کو پی او اے ہا ئوس لاہور میں میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا، تقریبات( کل )یکم جون 2026 کو لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، جیل روڈ لاہور میں شام 4 بجے سے 6:30 بجے تک جاری رہیں گی،اس تقریب میں کھلاڑی، طلبہ، کھیلوں کے رہنما، معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی جو دوستی، بہترین کارکردگی اور باہمی احترام کی مشترکہ اقدار کا جشن منائیں گے۔

بریفنگ میں صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید، سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود، آچی ناگویا آرگنائزنگ کمیٹی کے نمائندے ہیروشی ساکائی اور ازوسا دودو، او سی اے کے مندوبین انتھونی الطاہچ و زاہد حفیظ سمیت میڈیا نمائندگان اور پی او اے کی اعلی انتظامیہ نے شرکت کی۔اس موقع پر حکام نے او سی اے فن رن کو اولمپک اور ایشیائی کھیلوں کی بنیادی اقدار، جن میں دوستی، اتحاد، بہترین کارکردگی اور صحت مند طرزِ زندگی شامل ہیں، کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ایشیاء بھر میں کھلاڑیوں، طلبہ، کھیلوں کے رہنمائوں، خاندانوں اور مختلف کمیونٹیز کو قریب لانا اور آئندہ ایشیائی کھیلوں کے حوالے سے جوش و خروش اور آگاہی پیدا کرنا ہے۔جاپان کے آچی پری فیکچر اور ناگویا شہر میں منعقد ہونے والے 20ویں ایشیائی کھیل آچی ناگویا 2026 ایشیاء کے بہترین کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے۔ یہ کھیل نہ صرف اعلی معیار کی کھیلوں کی صلاحیتوں کا مظاہرہ ہوں گے بلکہ ایشیائی ممالک کے درمیان دوستی، ثقافتی تبادلے اور باہمی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیں گے۔

صحافیوں کے سوالات کے جواب میں مندوبین نے فن رن کی تیاریوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے اولمپک فیملی اور شراکت دار اداروں کے باہمی تعاون کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ مصوری کے مقابلے کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ نوجوانوں نے اپنے فن پاروں کے ذریعے ایشیائی کھیلوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 156 فن پارے موصول ہوئے جن میں سے غیر ملکی مندوبین پر مشتمل کمیٹی نے چار بہترین فن پاروں کا انتخاب کیا ہے۔

یہ منتخب فن پارے آچی ناگویا آرگنائزنگ کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے تاکہ انہیں ایشیائی کھیلوں کے دوران نمائش کے لیے پیش کیا جا سکے۔آرگنائزنگ کمیٹی اور او سی اے کے نمائندوں نے ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ مختلف متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں منصوبہ بندی کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔ انہوں نے ایک عالمی معیار کے ایونٹ کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایشیاء بھر کی نیشنل اولمپک کمیٹیوں کے تعاون کو سراہا۔

وفد نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ بھی ادا کیا۔او سی اے فن رن کی تقریبات یکم جون 2026 کو لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، جیل روڈ لاہور میں شام 4 بجے سے 6:30 بجے تک جاری رہیں گی۔اس تقریب میں کھلاڑی، طلبہ، کھیلوں کے رہنما، معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی جو دوستی، بہترین کارکردگی اور باہمی احترام کی ان اقدار کا مشترکہ جشن منائیں گے جو اولمپک اور ایشیائی کھیلوں کی روح کی عکاسی کرتی ہیں۔