پاک آسٹریلیاء جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے و تیسرے میچ کیلئے ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

پاکستان اور آسٹریلیاء کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں لاہور پہنچ گئی ہیں، جہاں میچز قذا فی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

لاہور۔31مئی (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیاء کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں لاہور پہنچ گئی ہیں، جہاں میچز قذا فی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری میڈیا ایڈوائزری کے مطابق یکم جون کو پاکستان اور آسٹریلیاء کی ٹیمیں شام 6:30 بجے سے رات 9:30 بجے تک قذا فی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔ ٹریننگ سیشن سے قبل کسی ایک کھلاڑی یا اسکواڈ کے رکن کی میڈیا سے گفتگو بھی کرائی جائے گی۔سیریز کا دوسرا ون ڈے 2 جون کو کھیلا جائے گا۔

میچ کا ٹاس شام 4 بجے جبکہ مقابلہ 4:30 بجے شروع ہوگا۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے ایک کھلاڑی یا سپورٹ اسٹاف کے رکن کی پوسٹ میچ پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی۔3 جون کو دونوں ٹیمیں دوبارہ شام 6:30 بجے سے رات 9:30 بجے تک قذا فی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی، یہ صرف ویژن میڈیا آپرچونٹی ہوگی اور اس دوران کسی قسم کی میڈیا گفتگو نہیں ہوگی۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 4 جون کو کھیلا جائے گا، اس روز بھی ٹاس شام 4 بجے جبکہ میچ کا آغاز 4:30 بجے ہوگا۔ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے نمائندے میڈیا سے گفتگو کریں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم سے متعلق میڈیا سوالات کے لیے ٹیم کے میڈیا منیجر سید نعیم احمد جبکہ آسٹریلوی ٹیم سے متعلق معلومات کے لیے میڈیا منیجر پیٹرک ہیننگ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔