شمرون ہیٹمائر کی واپسی، سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز سکواڈ کا اعلان

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ہوم ون ڈے سیریز کے لئے اپنے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق اعلان کردہ سکواڈ میں مایہ ناز بلے باز شمرون ہیٹمائر اور سٹار فاسٹ بولر الزاری جوزف کی واپسی ہوئی ہے۔

کنگسٹن۔1جون (اے پی پی):کرکٹ ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ہوم ون ڈے سیریز کے لئے اپنے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق اعلان کردہ سکواڈ میں مایہ ناز بلے باز شمرون ہیٹمائر اور سٹار فاسٹ بولر الزاری جوزف کی واپسی ہوئی ہے۔ یہ سیریز 3 جون سے سبینا پارک، جمیکا میں شروع ہو رہی ہے اور کرکٹ ویسٹ انڈیز اسے سال 2027میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ قرار دے رہا ہے۔شمرون ہیٹمائر نے حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں 248 رنز بنا کر شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جس کی بنیاد پر انہیں دوبارہ ون ڈے سیریز کا حصہ بنایا گیا ہے۔ وہ سیریز کے آخری میچ سے قبل سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ دوسری جانب، فٹنس مسائل سے نجات پانے کے بعد الزاری جوزف کی واپسی ہوئی ہے، تاہم کرکٹ ویسٹ انڈیز ان کے ساتھ ساتھ شمران جوزف اور جے ڈن سیلز کے کام کے بوجھ (ورک لوڈ) کو مانیٹر کرے گا۔ اس کے علاوہ بائیں ہاتھ کے سپنر گڈاکیش موتی بھی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے گزشتہ دورے کا حصہ رہنے والے 4 کھلاڑیوں الک اتھانازے، جوہان لینے، کھاری پیئر اور روماریو شیفرڈ کو سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت ون ڈے رینکنگ میں 10 ویں نمبر پر ہے اور ورلڈ کپ میں براہِ راست کوالیفائی کرنے کے لئے یہ سیریز ان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے میچز کے بعد 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔اعلان کردہ ویسٹ انڈیز کا مکمل ون ڈے سکواڈشائی ہوپ (کپتان)، اکیم اگسٹ، جان کیمبل، کیسی کارٹی، روسٹن چیز، میتھیو فورڈ، جسٹن گریوز، شمرون ہیٹمائر، امیر جانگو، الزاری جوزف، شمران جوزف، گڈاکیش موتی، شرفین ردرفورڈ، جے ڈن سیلز اور شمران سپرنگر پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں