ڈائمنڈ لیگ، برطانیہ کے میکس برجن نے اولمپک چیمپئن کو ہرا کر 800 میٹر ریس جیت لی

انگلینڈ کے 24 سالہ ایتھلیٹ میکس برجن نے مراکش میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ مانیٹرنگ میں عالمی سطح کے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 800 میٹر ریس کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

رباط ۔1جون (اے پی پی):انگلینڈ کے 24 سالہ ایتھلیٹ میکس برجن نے مراکش میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ مانیٹرنگ میں عالمی سطح کے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 800 میٹر ریس کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق پرنس مولائے عبداللہ سٹیڈیم میں معقدہ 800 سو میٹر کی ریس میں انگلینڈکے میکس برجن نے 1 منٹ اور 42.98 سیکنڈز سے نہ صرف ریس جیت لی بلکہ اپنے کیریئر کی پہلی ڈائمنڈ لیگ میں فتح حاصل کی۔اس سنسنی خیز مقابلے میں اولمپک چیمپئن کینیا کے ایمانوئل وانیونی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جنہوں نے یہ فاصلہ 1 منٹ اور 43.56 سیکنڈز میں طے کیا۔ الجزائر کے سلیمان مولا ریس میں تیسرے نمبر پر رہے۔ شکست کے باوجود ایمانوئل وانیونی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ رواں سیزن میں ان کی توجہ 1500 میٹر کے بجائے صرف 800 میٹر ریس پر ہے۔مراکش میں ہونے والے اس ایونٹ کے دیگر مقابلوں میں امریکہ کے جیکوری پیٹرسن نے 44.11 سیکنڈز کا نیا ریکارڈ بنا کر 400 میٹر ریس جیتی جبکہ برطانیہ کے میتھیو ہڈسن سمتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ 200 میٹر ریس میں امریکہ کے کینی بیڈناریک نے 19.69 سیکنڈز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اولمپک چیمپئن لیٹسیل ٹیبوگو دوسرے نمبر پر رہے۔ ایونٹ کے اختتام پر مقامی شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی سفیان البقالی نے 3000 میٹر سٹیپل چیز ریس میں 7 منٹ اور 57.25 سیکنڈز کا سال کا بہترین وقت نکال کر مسلسل 5 ویں بار ہوم گراؤنڈ پر کامیابی حاصل کی۔

مزید خبریں