پرتگال کی فٹ بال ٹیم رواں موسم گرما میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026کے دوران اپنے آنجہانی فارورڈ ڈیوگو جوٹا کی یادوں سے حوصلہ اور طاقت حاصل کرے گی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026،پرتگال کی ٹیم آنجہانی ڈیوگو جوٹا کی یادوں سے حوصلہ حاصل کرے گی، روبن نیویز کا عزم

مزید خبریں
نیویارک۔2جون (اے پی پی):پرتگال کی فٹ بال ٹیم رواں موسم گرما میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026کے دوران اپنے آنجہانی فارورڈ ڈیوگو جوٹا کی یادوں سے حوصلہ اور طاقت حاصل کرے گی۔امریکی خبررساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق انگلش کلب لیورپول کے سٹار کھلاڑی ڈیوگو جوٹا گزشتہ سال 3 جولائی کو سپین میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے، انہوں نے ہلاکت سے کچھ عرصہ قبل ہی پرتگال کو یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔قومی ٹیم ایف سی پورٹو اور وولور ہیمپٹن میں ڈیوگو جوٹا کے ساتھ کھیلنے والے ان کے قریبی دوست اور الہلال کے مڈفیلڈر روبن نیویز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اکثر اس بارے میں بات کرتے ہیں اور ہمیشہ ایک ہی بات کہتے ہیں کہ بعض اوقات آگے بڑھنے کے لئے آپ کو کسی سہارے کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ کو اضافی طاقت دے۔ ڈیوگوجوٹا کی یاد ہمیں ورلڈ کپ کے مشکل لمحات میں وہ اضافی طاقت فراہم کرے گی اور ہمیں ہماری منزل تک پہنچنے میں مدد دے گی۔29 سالہ روبن نیویز نے تقریباً 1 سال قبل نیشنز لیگ کے فائنل میں سپین کے خلاف پینلٹی شوٹ آؤٹ پر فیصلہ کن گول کر کے پرتگال کو چیمپئن بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں میچ کا فیصلہ مقررہ 90 منٹ میں کرنے کو ترجیح دیں گے، لیکن اگر دوبارہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کی نوبت آئی تو وہ ٹیم کی جیت کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔5 مرتبہ بیلن ڈی اور کا اعزاز جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو کی کپتانی میں پرتگال کی ٹیم کو امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے اس ورلڈ کپ کے لئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ روبن نیویز کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے، جس کے 4 کھلاڑیوں (نونو مینڈس، ویٹینہا، جوآؤ نیویز اور گونزالو راموس) نے حال ہی میں پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ دوسری بار چیمپئن لیگ جیتی ہے۔پرتگال کی ٹیم نے اب تک کبھی ورلڈ کپ نہیں جیتا اور ان کی بہترین کارکردگی 1966میں تھی جب وہ تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ پرتگال کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 17 جون کو جمہوریہ کانگو کے خلاف میچ سے کرے گی، جس کے بعد 23 جون کو اس کا مقابلہ ازبکستان سے ہوگا، جبکہ گروپ ‘کے’ کا آخری میچ 27 جون کو کولمبیا کے خلاف کھیلا جائے گا۔







