لاہور، بوگس میٹر پکڑنے پر حملے میں لیسکو ملازم زخمی

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ایسٹرن سرکل کے محمود بوٹی سب ڈویژن میں بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران لیسکو ملازم پر تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

لاہور۔2جون (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ایسٹرن سرکل کے محمود بوٹی سب ڈویژن میں بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران لیسکو ملازم پر تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ترجمان لیسکوکے مطابق شالیمار ہائوسنگ سکیم میں چیکنگ کے دوران اسسٹنٹ لائن مین زبیر نے ایک گھر میں نصب بوگس میٹر پکڑا اور اسے اتارنے کی کارروائی کی۔ اس دوران گھر کے مالک مرزا آفتاب بیگ، اس کے بیٹے آفاق اور دیگر نامعلوم افراد نے مشتعل ہو کر سرکاری عملے پر جان لیوا حملہ کر دیا۔ ملزمان نے ہتھیاروں اور آہنی راڈز کے ذریعے اسسٹنٹ لائن مین زبیر کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔واقعے کے بعد پولیس کو طلب کیا گیا جبکہ زخمی ملازم کو فوری طور پر کوٹ خواجہ سعید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ڈی او محمود بوٹی سب ڈویژن نعمان صدیق کی مدعیت میں تھانہ باغبانپورہ میں مقدمہ کے اندراج کے لیے استغاثہ بھجوا دیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور سرکاری فرائض میں مداخلت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔