اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینی آبادیوں پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں دو مساجد کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کی مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کی مذمت

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔29جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینی آبادیوں پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں دو مساجد کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق کے مطابق سیکرٹر ی جنرل نے فلسطینی برادریوں پر حملوں، نجی املاک کی توڑ پھوڑ اور فلسطینیوں اور ان کے روزگار کو نشانہ بنانے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے نہایت سنگین اور ناقابل قبول ہیں، جو پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔ سیکریٹری جنرل نے مطالبہ کیا کہ ان حملوں میں ملوث افراد کی فوری شناخت کر کے انہیں بین الاقوامی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انتونیو گوتریش نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں، ان کی املاک اور عبادت گاہوں پر مزید حملوں کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے تمام فریقوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے، مزید کشیدگی سے گریز کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی اپیل کی۔








