پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔

پشاور۔ 02 جون (اے پی پی):ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے تر جمان کے مطابق صوبے میں جاری شدید گرمی آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان، 4 جون کی شام اور رات سے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق شدید گرمی کے باعث شمالی اضلاع میں گلیشیئرز اور برف تیزی سے پگھلنے ، بارشوں کے ساتھ پانی کے بہاؤ میں اضافے سے گلوف اور فلیش فلڈز کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ سوات، چترال، کوہستان، دیر اور مانسہرہ کے برفانی وادیوں میں گلیشیائی جھیل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی و پتھروں کے تودے گرنے اور رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو خطرناک علاقوں میں بروقت وارننگ، انخلا کی مشقیں اور محفوظ مقامات پر ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو پیشگی خبردار کرنے، کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو گرمی کی لہر کے دوران دریا کناروں، برساتی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور حساس علاقوں میں احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122، سی اینڈ ڈبلیو، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے اور مشینری و عملہ پہلے سے تعینات رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تر جمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔