آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان تاہم بالائی خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں/آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان تاہم بالائی خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں/آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ بالائی فضا میں موجود ہوا کے زیادہ دبائو کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے تاہم مغربی ہوائوں کا سلسلہ آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو کہ 5 جون تک برقرار رہ سکتاہے۔

کل (بدھ کو) خیبرپختونخوا،کشمیر،گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام/رات میں تیز ہوائوں/آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ ملک کےدیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ بلوچستان اور سندھ میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔

سب سے زیادہ بارش کشمیر: راولاکوٹ 07، خیبرپختونخوا: کاکول 03، پاراچنار میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔منگل کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت : نوکنڈی، سبی 48، دالبندین 47اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔