کمشنر ڈیرہ غازی خان سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کی ملاقات، کھیلوں کے فروغ اور غیر نصابی سرگرمیوں پر بات چیت

"کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب طارق قریشی نے ملاقات کی، جس میں کھیلوں کے فروغ، سپورٹس انفراسٹرکچر اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”

ڈیرہ غازی خان ۔ 28 جولائی (اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب طارق قریشی نے کمشنر آفس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری، موجودہ کھیلوں کی سہولیات اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ نوجوان نسل کو معیاری کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں سپورٹس گراؤنڈز، جمنیزیمز اور دیگر کھیلوں کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ان کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب طارق قریشی نے کمشنر کو ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سپورٹس کے شعبے کی مجموعی صورتحال، مختلف اضلاع میں دستیاب کھیلوں کی سہولیات، جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت، موجودہ انفراسٹرکچر کی حالت اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور جدید سپورٹس سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدانوں اور سپورٹس کمپلیکسز کی اپ گریڈیشن، سہولیات کی بہتری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر باہمی تعاون سے مزید مؤثر انداز میں کام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو صحت مند، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں۔اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر احمد خان بھی موجود تھے۔