وزیرِ مملکت برائے صحت گلوبل مینٹل ہیلتھ سمر انسٹیٹیوٹ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے

وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ گلوبل مینٹل ہیلتھ سمر انسٹیٹیوٹ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے، جہاں انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع چلڈرن نیشنل ہسپتال کا دورہ کیا۔

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ گلوبل مینٹل ہیلتھ سمر انسٹیٹیوٹ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے، جہاں انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع چلڈرن نیشنل ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران ڈاکٹر مختار بھرتھ نے ہسپتال کے کمانڈ سینٹر اور شیخ زید انسٹیٹیوٹ آف پیڈیاٹریک سرجیکل انوویشن کا بھی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ گلوبل انسٹیٹیوٹ آف ہیومن ڈویلپمنٹ کے بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان ہمدانی بھی موجود تھے۔وزیرِ مملکت کو بچوں کے علاج کے جدید طریقوں، ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹمز، ٹیلی میڈیسن اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے موقع پر بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ابتدائی تشخیص، مربوط علاج، سکول سطح پر ذہنی صحت کے پروگرامز اور کمیونٹی بیسڈ سروسز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت، تحقیق اور ٹیلی مینٹل ہیلتھ کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تربیتی پروگرامز اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذہنی صحت میں سرمایہ کاری ملک کے سماجی اور معاشی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے، جبکہ پاکستان میں ذہنی صحت کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی متعارف کروائی جا رہی ہے۔وزیرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی صحت کو صحتِ عامہ کی ترجیحات میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جن میں سکولوں میں کونسلنگ سروسز، اساتذہ کی تربیت اور والدین کے لیے آگاہی پروگرامز کا اجراخصوصی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذہنی صحت میں سرمایہ کاری ایک روشن، محفوظ اور مستحکم مستقبل کی ضمانت ہے اور حکومت اس شعبے میں موثر اور دیرپا اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں