آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے مالی سال 2025-26 کے پہلے دس ماہ کے دوران 11 کنوؤں کو پیداوار میں شامل کیا جن سے یومیہ 9,734 بیرل تیل اور 74.25 ملین معیاری مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔تازہ شامل کئے گئے یہ کنویں کمپنی کے گزشتہ چار سالہ ریکارڈ کے دوران نئے کمرشل بنیادوں پر فعال کئے گئے کنوؤں سے حاصل ہونے والی …
رواں مالی سال ،او جی ڈی سی ایل کے نئے کنوؤں سے 9,734 بیرل یومیہ تیل کا اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے مالی سال 2025-26 کے پہلے دس ماہ کے دوران 11 کنوؤں کو پیداوار میں شامل کیا جن سے یومیہ 9,734 بیرل تیل اور 74.25 ملین معیاری مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔تازہ شامل کئے گئے یہ کنویں کمپنی کے گزشتہ چار سالہ ریکارڈ کے دوران نئے کمرشل بنیادوں پر فعال کئے گئے کنوؤں سے حاصل ہونے والی تیل اور گیس کی پیداوار میں سب سے بڑا اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔ویلتھ پاکستان کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں دریافت شدہ ہائیڈروکاربن وسائل کو بروقت ترقیاتی اقدامات اور کمرشل بنیادوں پر فعال بنا کر پیداوار میں شامل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔
سال وار اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالی سال 2022-23 کے دوران او جی ڈی سی ایل نے پانچ کنوؤں کو پیداوار میں شامل کیا۔ ان کنوؤں سے یومیہ 990 بیرل تیل اور 18.28 ملین معیاری مکعب فٹ گیس حاصل ہوئی۔ ان میں سے چار کنویں سندھ جبکہ ایک خیبرپختونخوا میں واقع تھا۔مالی سال 2023-24 میں کمپنی نے 11 کنوؤں کو پیداوار سے منسلک کیا جن سے یومیہ 4,398 بیرل تیل اور 43.23 ملین معیاری مکعب فٹ گیس کا اضافہ ہوا۔ ان میں سات کنویں سندھ، تین خیبرپختونخوا اور ایک بلوچستان میں واقع تھا۔مالی سال 2024-25 کے دوران او جی ڈی سی ایل نے آٹھ کنوؤں کو قومی پیداواری نظام سے جوڑا۔ ان کنوؤں سے یومیہ 744 بیرل تیل اور 41.80 ملین معیاری مکعب فٹ گیس حاصل ہوئی۔ صوبائی تقسیم کے مطابق پانچ کنویں سندھ، ایک خیبرپختونخوا اور دو بلوچستان میں واقع تھے۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025-26 میں اپریل تک او جی ڈی سی ایل نے 11 کنوؤں کو پیداوار میں شامل کیا، جو مالی سال 2023-24 میں شامل کئے گئے کنوؤں کی تعداد کے برابر ہے۔ ان کنوؤں سے یومیہ 9,734 بیرل تیل اور 74.25 ملین معیاری مکعب فٹ گیس کا اضافہ ہوا۔ ان میں چھ کنویں سندھ، دو خیبرپختونخوا، ایک پنجاب اور دو بلوچستان میں واقع تھے۔سرکاری ریکارڈ میں فراہم کردہ سال وار اعدادوشمار کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے مالی سال 2022-23 سے مالی سال 2025-26 (اپریل تک) کے دوران مجموعی طور پر 35 کنوؤں کو پیداوار میں شامل کیا۔
ان کنوؤں سے مجموعی طور پر یومیہ 15,866 بیرل تیل اور 177.56 ملین معیاری مکعب فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہوئی۔اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران نئے کمرشل بنیادوں پر فعال کئے گئے کنوؤں کی پیداواری شراکت میں نمایاں اضافہ ہوا خصوصاً تیل کی پیداوار میں جو حالیہ طور پر پیداوار میں شامل کئے گئے کنوؤں کی بہتر کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔








