محکمہ موسمیات کی پیشگوئی، ریسکیو 1122 مری ہائی الرٹ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

محکمہ موسمیات کی جانب سے مری، گلیات اور گردونواح میں بارشوں اور خراب موسمی صورتحال کی پیشگوئی کے بعد ریسکیو 1122 مری کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔

راولپنڈی ۔4جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی جانب سے مری، گلیات اور گردونواح میں بارشوں اور خراب موسمی صورتحال کی پیشگوئی کے بعد ریسکیو 1122 مری کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 جون 2026 (جمعرات) اور 5 جون 2026 (جمعہ) کے دوران مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش، آندھی، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ پیشگوئی میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشات موجود ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 مری انجینئر کامران رشید کی ہدایت پر تمام ریسکیو اسٹیشنز، ایمبولینس سروسز اور ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کو مکمل طور پر متحرک اور ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ ریسکیو اہلکاروں کو ضروری مشینری اور آلات سمیت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ریسکیو 1122 مری کے ترجمان کے مطابق شہری خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے مقامات پر خصوصی احتیاط برتیں اور ندی نالوں، برساتی پانی کے بہائو اور خطرناک مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔

سیاحوں اور مقامی افراد کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا امداد کی ضرورت کی صورت میں شہری فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔ ریسکیو 1122 مری عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 

مزید خبریں