چارسدہ پولیس کی کارروائی، سنیچنگ اور گھروں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ بے نقاب، تین ملزمان گرفتار

چارسدہ پولیس نے جمعہ کے روز کارروائی کرتے ہوئے سنیچنگ اور گھروں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ بے نقاب کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کرکے 5 لاکھ 5 ہزار روپے برآمد کر لئے ۔

پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):چارسدہ پولیس نے جمعہ کے روز کارروائی کرتے ہوئے سنیچنگ اور گھروں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ بے نقاب کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کرکے 5 لاکھ 5 ہزار روپے برآمد کر لئے ۔تر جمان چارسدہ پولیس کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ چارسدہ محمد وقاص خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، چوروں اور سنیچرز کے خلاف مؤثر کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔اسی سلسلے میں ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ سٹی خان زیب خان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سنیچنگ اور گھروں میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گروہ کو بے نقاب کر دیا۔

پولیس نے پیشہ ورانہ حکمت عملی اور جدید تفتیشی خطوط پر کام کرتے ہوئے 8 مختلف مقدمات کو ٹریس کیا اور گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 5 ہزار روپے برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ دیگر اہم انکشافات اور ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ چارسدہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کے لیے ضلع میں کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔